علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا شاندار منصوبہ حکومت کا پنجاب کے عوام کیلئے بے مثال تحفہ ہے‘اسلم اقبال

 
0
264

لاہور جنوری 02 (ٹی این ایس): صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت فیصل آباد میں بننے والا سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا شاندار منصوبہ حکومت کا پنجاب کے عوام کے لئے بے مثال تحفہ ہے ۔وزیر اعظم عمران خان تین جنوری بروز جمعہ المبارک کو اس عظیم الشان منصوبہ کا افتتاح کر رہے ہیں ۔سال 2020 ترقی وخوشحالی ،نئی ملازمتیں پیدا کرنے اور غربت کے خاتمے کا سال ہے ۔
حکومت کے نئے قائم کر دہ جدید صنعتی مراکز اس حوالے سے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں صوبائی وزیر نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ فیصل آباد انڈسٹریل سٹی کا منصوبہ صنعتی عمل کو تیز کرئیگا اور یہاں 4 سو ارب روپے سے زائد سرمایہ کاری ہوگی ۔3 لاکھ افراد کو برائے راست جبکہ 10 لاکھ افراد کو بالواسطہ روزگار ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے گہری دلچسپی ظاہر کی ہے اور یہ منصوبہ صنعتی ترقی کے ساتھ معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری کے حوالے سے مثالی اور پرکشش صوبہ بن چکا ہے ۔