چوہدری شوگر ملز کیس ، میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر محمد نواز شریف کی 17جنوری تک حاضری معافی کی استدعا منظور

 
0
227

لاہور جنوری 03 (ٹی این ایس): لاہور کی احتساب عدالت نے شریف خاندان کی چوہدری شوگر ملز سکینڈل کیس میں میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی 17جنوری تک حاضری معافی کی استدعا منظور کر لی نیز آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 17 جنوری تک توسیع کردی گئی، احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی، نواز شریف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ محمد نواز شریف کی حالت ابھی ٹھیک نہیں ان کابیرون ملک علاج جاری ہے، جس پرعدالت نے محمد نواز شریف کی 17 جنوری تک حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر محمد نواز شریف کی طبی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ، مریم نواز کی جانب سے سلمان سرور ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے مریم نواز کے چچا زاد بھائی یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی توسیع کر دی ،عدالت نے اس کیس میں مریم نواز کو ریفرنس آنے تک استثنی دے رکھا ہے جبکہ دوسری جانب آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس میں حمزہ شہباز کو جیل سے عدالت پیش کیا گیا، نیب پراسیکیوٹر نے تفتیش اور ریفرنس سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی، جس پر عدالت نے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 جنوری تک توسیع کر دی۔