شہباز شریف فیملی کے اثاثے منجمند کرنے کیخلاف درخواست پر نیب کے تفتیشی افسر 17 جنوری کو ریکارڈ سمیت طلب

 
0
209

لاہور جنوری 03 (ٹی این ایس): لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف فیملی کے اثاثے منجمند کرنے کیخلاف درخواست پر نیب کے تفتیشی افسر کو 17 جنوری کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔ احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت شہبازشریف فیملی کے وکلاء نے موقف اختیار کیاکہ احتساب عدالت کا اثاثہ جات کو منجمند کرنے کا حکم درست نہیں ہے، استدعا ہے کہ عدالت اثاثہ جات منجمند کرنے کے احکامات کو کالعدم قرار دے،جس پر عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر کو 17 جنوری کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔
واضح رہے کہ عدالت نے شہبازشریف، حمزہ شہباز، نصرت شہباز، تہمینہ درانی اور کمپنیوں کے اثاثے منجمند کرنے کا حکم دے رکھا ہے، نیب نے موقف اختیار کیا تھا کہ شہباز شریف اور ان کی فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات جاری ہیں، شہباز شریف کی فیملی نے منی لانڈرنگ کے ذریعے اربوں روپے کی جائیدادیں بنا رکھی ہیں لہذا شہبازشریف، ان کی اہلیہ اور بیٹوں کے تمام اثاثے منجمند کئے جائیں۔