رواں سال منہگائی کی شرح12 فیصد تک رہے گی، اسٹیٹ بینک

 
0
363

کراچی جنوری 28 (ٹی این ایس): گورنراسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ رواں سال منہگائی کی شرح 12 فیصد تک رہے گی، شرح سود 12.25 فیصد برقرار رہے گی، سپلائی کا عمل بہتر ہونے سے منہگائی کی شرح کم ہونے کی توقع ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی بیان میں کہا کہ رواں سال منہگائی کی شرح 11 سے 12 فیصد رہے گی۔ شرح سود 12.25 فیصد برقرار رہے گی۔ گورنراسٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان میں رئیل اسٹیٹ کے ریٹس رینج میں ہیں۔
سپلائی کا عمل بہتر ہونے سے منہگائی کی شرح کم ہونے کی توقع ہے۔ کافی سیکٹرز میں پروڈکشن اورسیلز بڑھ رہی ہیں۔ گورنراسٹیٹ بینک نے کہا کہ سیمنٹ کی پروڈکشن بھی بڑھ رہی ہے۔ ٹیکسٹائل سیکٹرکی جانب سے اچھے اعشاریے سامنے آ رہے ہیں۔ ایکسپورٹ کے شعبے اچھا پرفارم کررہے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کو 3 پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کو پورا کرنے لیے 2030 تک 2 کھرب 34 ارب 50 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہوگی۔
ایک رپورٹ کے مطابق ان ایس ڈی جیز میں توانائی، ڈیجیٹل رسائی، ٹرانسپورٹ اور صاف پانی و نکاسی شامل ہیں، کمپنیوں، ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف پورے کرنے میں اپنی سرمایہ کاری کے اثرات کا اندازہ لگانے میں مدد کے لیے جاری کی گئی اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی رپورٹ اپورچونیٹی 2030 اسٹینڈرڈ چارٹرڈ انویسٹمنٹ میپ میں یہ حقائق سامنے لائے گئے. رپورٹ میں ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں نجی سرمایہ کاروں کے لیے 100 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کے موقع کی نشاندہی کی گئی پاکستان میں توانائی کے شعبے کو 99 ارب 30 کروڑ ڈالر، ڈیجیٹل رسائی میں 56 ارب 60 کروڑ ڈالر، ٹرانسپورٹ میں 38 ارب 50 کروڑ ڈالر اور صاف پانی و نکاسی میں 4 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔