وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغانستان کیلئے امریکہ کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی ملاقات

 
0
288

اسلام آباد 31 جنوری (ٹی این ایس) پاکستان اور امریکہ نے افغان امن عمل کے حوالے سے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کیلئے مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغانستان کیلئے امریکہ کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی جمعہ کو وزارت خارجہ میں ملاقات کے دوران پایا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق بات چیت کے دوران افغانستان میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کاوشوں سمیت خطہ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ کو طالبان کے ساتھ جاری امن مذاکرات سے متعلق حالیہ صورتحال کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکہ اور طالبان کے مابین امن معاہدہ طے پانے سے ”انٹرا افغان مذاکرات” کی راہ ہموار ہوگی جو نہ صرف افغانستان کیلئے بلکہ پورے خطہ کے امن و استحکام کیلئے خوش آئند ثابت ہوگا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ فریقین نے افغان امن عمل کے حوالے سے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کیلئے مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔