سپیکر قومی اسمبلی سے پشاور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کی ملاقات،صحافی برادری کو درپیش مسائل اور مجموعی ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا

 
0
5977

اسلام آباد ۔ 31 جنوری (ٹی این ایس) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پشاور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران پر مشتمل پانچ رکنی وفد نے ملاقات کی اور صحافی برادری کو درپیش مسائل سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے اس موقع پر کہا کہ ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں صحافت کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، صحافت جمہوریت کا اہم ستون ہے، صحافتی برادری نے جمہوریت کی بحالی کے لیے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافتی برادری کے فلاح و بہبود اور اْن کی سیکورٹی کے لئے اقدامات اْٹھائے جار ہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ کا مکمل ادراک ہے، حکومت صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی کر رہی ہے، موجودہ حکومت کو معاشی تنگدستی کا سامنا تھا جس سے نکلنے کے لیے مشکل فیصلے کیے گئے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کمزور معیشت کی وجہ سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ پڑا ہے جس سے صحافی برادری سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے، موجودہ حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے کوشاں ہے، صحافی برادری پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ حکومت کے ملکی مفاد میں کیے گئے فیصلوں کو سراہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں خیبر پختونخوا میں فقیدلاالمثال ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا گیا ہے، ملک کی ترقی ،خوشحالی اور عوام کے مفاد میں تمام ملکی سٹیک ہولڈرز کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر سپیکر نے پشاور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد بھی دی۔ صدر پریس کلب نے سپیکر کے پارلیمانی سفارتکاری اور ایوان میں ماحول کو خوشگوار بنانے کے کردار کو سراہا۔