ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی محمد یوسف اوجلہ ہمراہ دیگر راولپنڈی و اسلام آباد کے جج صاحبان کا اڈیالہ جیل کا دورہ

 
0
893

اسلام آباد جنوری 31 (ٹی این ایس): مورخہ 31 جنوری 2019 کو محمد یوسف اوجلہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی ہمرا یاسر محمود چوہدری سول جج راولپنڈی، سید فیضان حیدر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ایسٹ، سلیمان بدر سول جج اسلام آباد ایسٹ، محمد سہیل ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ویسٹ، شعیب اختر سول جج اسلام آباد ویسٹ بسلسلہ انسپکشن جیل ہذا پر تشریف لائے۔ اس موقع پر جیل کے چاک و چوبند دستے نے معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ ثاقب نذیر چوہدری نے ہمراہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے معزز مہمانون کا استقبال کیا اور انھیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ معزز جج صاحبان نے خواتین وارڈ، کچن اسیران، جیل ہسپتال ، بی کلاس اور تمام بیرکس کا دورہ کیا اور اسیران کے مسائل سنے۔ محمد یوسف اوجلہ نے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔ ہسپتال میں داخل اسیران کو ملے اور انتظامیہ کی جانب سے مریضان کو مہیا کی گئی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

معزز جج صاحبان نے نوعمر وارڈ میں وویمن ایڈ ٹرسٹ اسلام آباد کے زیر انتظام چلنے والی الیکٹریکل، ٹیلرنگ اور کمپیوٹر کلاسز لا معائنہ کیا اور ٹیوٹا کی جانب سے خواتین وارڈ میں قائم بیوٹیشن اور ڈومیسٹک ٹیلرنگ کلاسز کا معائنہ بھی کیا۔

انھوں نے جیل کے اندر اسیران کو دیا جانے والا کھانا چیک کیا اور کھانے کے معیار کو سراہتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔ محمد یوسف اوجلہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی نے معمولی نوعیت کے مقدمات میں گرفتار 19 اسیران کو ذاتی مچلکہ پر رہا کرنے کا حکم صادر فرمایا۔ حسب الحکم فاضل جج 19 اسیران کو جیل ہذا سے رہا کر دیا گیا۔