کشمیر ہائی وے کے اطراف میں سی ڈی اے کی طرف سے شجر کاری کا کام بھر پور طریقے وے جاری

 
0
427

اسلام آباد:31 جنوری 2020 (ٹی این ایس): کشمیر ہائی وے کے اطراف بھر پور شجر کاری کے لیے وسیع پیمانے پر زمین ہموار کی جا رہی ہے جس کے لیے سی ڈی اے کی ضلعی انتظامیہ اور میٹرو پولیٹین کارپوریشن کے ساتھ باہم مل کر شجر کاری کے لیے کاوشیں کی جا رہی ہیں اور کشمیر ہائی وے کے دونوں اطراف ہموار کی جانے والی زمین پر شجر کاری کی جائے گی۔

اس کاوش کا مقصد اسلام آباد کے گرین کریکٹر میں اضافے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کی اس اہم شاہراہ کے دونوں اطراف لینڈ سکیپنگ کر کے پودے لگا کر اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرنا ہے۔
اس ضمن میں متعلقہ شعبوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ کشمیر ہائی وے کے دونوں اطراف جہاں جہاں مٹی بھرنے کی ضرورت ہے وہاں مٹی ڈال کر اسے ہموار کیاجائے جس کے لیے فیصل ایونیو پر زیر تعمیر انڈر پاس (G-8/G-7)کی کھدائی سے حاصل ہونے والی مٹی کو کشمیر ہائی وے کی ان جگہوں پر ڈالنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ان جگہوں کو ہموار کر کے اسے شجرکاری کے لیے تیار کیا جا سکے۔ اس سے نہ صرف ٹرانسپورٹیشن کی مد میں خاطر خواہ بچت ہو گی بلکہ انڈر پاس سے ملنے والی مٹی کو مفید استعمال میں لا کر اسلام آباد کے گرین کریکٹر میں بھی مزید اضافہ ممکن ہو سکے گا۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور ایم سی آئی مل کر کشمیر ہائی وے پر جی ٹی روڈ انٹر سیکشن سے لیکر زیرو پوائنٹ انٹر چینج تک ہائی وے کے دونوں اطراف لینڈ سکیپنگ پر کام کر رہے ہیں تاکہ کشمیر ہائی وے کے دونوں اطراف زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جا سکے اور جہاں یہ سرگرمیاں گرین کریکٹر میں اضافے کا باعث بنیں وہاں دونوں اطراف کو تجاوزات سے بھی محفوظ کیا جا سکے۔