سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ کی ہدایت پر کھنہ پُل اور گردونواح میں تجاوزات کے خاتمے اور دوبارہ تجاوزات کے سدباب کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی دو ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں

 
0
297

اسلام آباد فروری 04 (ٹی این ایس): یہ دونوں ٹیمیں شفٹوں میں کام کریں گی اور نہ صرف کھنہ پل پر ریڑھیوں اور سٹالز کی شکل میں کی جانے والی تجاوزات کے خاتمے کی ذمہ دار ہوں گی بلکہ تجاوازت کے سدباب کے لیے موئثر مانیٹرنگ بھی کریں گی۔ اس ضمن میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے تشکیل دی جانے والی ٹیموں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت مارننگ شفٹ کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سپر وائزر کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ اس ٹیم میں ایک ایکٹنگ سپر وائزر کے علاوہ 09 سیکورٹی گارڈ شامل ہیں۔ پہلی ٹیم صبح آٹھ سے تین بجے سہ پہر جبکہ دوسری ٹیم سہ پہر تین بجے سے لیکر رات آٹھ بجے تک نگرانی کرے گی۔ تشکیل دی جانے والی دونوں ٹیموں کی ڈیوٹی کے اوقات اس طرح مقرر کئے گئے ہیں کہ وہ ہفتہ وار دو تعطیلات کی بجائے اتوار کی ایک تعطیل کریں گے تاکہ نگرانی کے عمل کو موئثر بنایا جا سکے۔
دونوں ٹیمیں کھنہ پل کے علاوہ کھنہ پل کے تمام لوپس بشمول سروس روڈ (ایسٹ) کھنہ پر ہونے والی تجاوزات کے خاتمے کی ذمہ دارہوں گی اور مذکورہ علاقے کی موئثر مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں گی تاکہ اس علاقے میں دوبارہ تجاوزات قائم نہ کی جا سکیں۔ اس ضمن میں دونوں ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ڈیوٹی میں کسی بھی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں کیونکہ ڈیوٹی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دونوں ٹیموں کو کہا گیا ہے کہ مذکورہ علاقے میں ہونے والی تجاوزات کی تمام تر ذمہ داری ان ٹیموں پر ہو گی اس لیے وہ نہ صرف موئثر مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں بلکہ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی مدد کی ضرورت ہو تو انہیں مطلوبہ مدد بھی فراہم کی جائے گی۔ ٹیموں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ایک ٹیم دوسری ٹیم کے آنے سے پہلے ڈیوٹی نہیں چھوڑے گی بلکہ ڈیوٹی پر آنے اور جانے کا باقاعدہ ریکارڈ بھی مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ٹیموں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ اپنی شفٹوں کے اوقات کی بھی پابندی کریں۔ تجاوزات کے خاتمے کے لیے دونوں ٹیموں کو سرکاری ٹرک کے علاوہ معاونت کے لیے پولیس کی مدد بھی حاصل ہو گی۔