وزیراعظم عمران کے دورہ ملائیشیا کا اعلامیہ جاری، اسلاموفوبیا کے خلاف تعاون کو مزید فروغ

 
0
294

اسلام آباد فروری 05 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا اور مہاتیر محمد کے ساتھ ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس میں بتایا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے اسلاموفوبیا کے خلاف تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ملائیشین ہم منصب کو بھارت کے 5 اگست کے غیرقانونی اقدام، کشمیر میں لاک ڈاؤن اور وہاں کے عوام پر مظالم سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر مہاتیر محمد کا شکریہ ادا کیا۔ اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کشمیر، فلسطین اور روہنگیا مسلمانوں کے مسائل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے جائیں۔

عمران خان نے کوالالمپورسمٹ کے کامیاب انعقاد پر ملائیشین وزیراعظم کو مبارکباد دی اور مہاتیر محمد نے بھی پاکستان کے وزیراعظم کی خطے میں امن کےلیے کوششوں کی تعریف کی۔

ملائیشین وزیراعظم نے کرتارپورراہداری کھولنے کے اقدام کو سراہا اور دونوں ممالک نے دنیا بھر میں مسلم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کےلیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔