اسلام آباد:،یکم ستمبر(ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران باہمی روابط میں اضافے اور عوام کے درمیان رابطوں کے فروغ کے ذریعے خطے کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بات جمعے کے روز اسلام آباد میں ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات میں کہی۔
عمران خان نے دونوں ملکوں کے مفاد میں مختلف شعبوں میں پہلے سے قائم تاریخی تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرنے اور ایران میں شایان شان طریقے سے پاکستان کا یوم آزادی منانے پر ایران کے رہبر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے تمام اسلامی ملکوں پر زور دیا کہ وہ یک آواز ہو کر اسلام کے خلاف کارروائیوں کا مقابلہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریمۖ کے ساتھ محبت اور ان کا احترام ہر مسلمان کا ایمان اور اس پر لازم ہے اور کسی کو بھی شان رسالتۖ میں گستاخی نہ کرنے دیں۔
جواد ظریف نے ایران کے صدر حسن روحانی کی طرف سے وزیراعظم کو اس سال اکتوبر میں ایران میں ہونے والے ایشیائی تعاون سربراہ مذاکرات میں شرکت کا پیغام دیا۔