وزیر اعظم کی جاپان کے امور خارجہ کے وزیر مملکت سے ملاقات، افرادی وسائل کی ترقی میں پاکستان کی مدد کرنے پر زور دیا

 
0
420

اسلام آباد:،یکم ستمبر(ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے جاپان پر زور دیا ہے کہ وہ افرادی وسائل کی ترقی میں پاکستان کی مدد کریں۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز اسلام آباد میں جاپان کے امور خارجہ کے وزیر مملکتKAZUYUKI NAKANE سے ملاقات میں کہی۔وزیراعظم نے کہاکہ جاپان کے بیرونی تجارت کے ادارے نے اپنی اس سال کی رپورٹ میں پاکستان کوسرمایہ کاری کیلئے دنیا کا پرکشش ترین ملک قرار دیا ہے۔

انہوں نے پاکستان کی جانب سے جاپان کے تاجروں کو سہولتوں کی فراہمی کے ذریعے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا۔

وزیراعظم نے سماجی شعبے کے منصوبوں میں جاپان کی اقتصادی معاونت کو بھی سراہا۔

انہوں نے تمام شعبوں خصوصاً تجارت’ سرمایہ کاری’ معیشت اور انسانی ترقی میں دوطرفہ تعاون کیلئے جاپان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

جاپان کے وزیر مملکت نے اپنے ملک کی جانب سے دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ دوستانہ تعلقات کو مستحکم کرنے کی شدید خواہش کا اظہار کیا۔

تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون اور نوجوانوں میں ہنرمندی کے فروغ سمیت فریقین کے درمیان کثیر جہتی تعاون کے مواقع پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے جاپان کے وزیراعظم شنزوایبے کو پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔