بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر اور جارحیت کو مسلط کیا ہوا ہے: سپہ سالار پاک فوج

 
0
286

راولپنڈی فروری 05 (ٹی این ایس): پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت اور استعداد رکھتی ہے لیکن امن کی خواہش اور بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے نقصان کے پیش نظر صبروتحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں کررہی ہیں اور جان بوجھ کر آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ پائیدار امن ابھی تک ایک خواہش سے زیادہ کچھ نہیں۔

کشمیریوں کے حقوق غصب کرکے طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا جا رہا ہے اور وادی کو جیل میں تبدیل کرکے لاکھوں کشمیریوں کو قید کردیا گیا ہے۔

کشمیری اقوام متحدہ سے اپنا حق خودارادیت مانگ رہے ہیں۔ مرد، خواتین، بوڑھے، بچے اور بیمار حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارتی جبرواستبداد کا ثابت قدمی سے مقابلہ کرنے والے کشمیری بہن بھائیوں کو سلام اور اس جدودجہد میں کشمیری اکیلے نہیں بلکہ ہم بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہم دنیا کو ضمیر جھنجھوڑنے میں اپنا کردار ادا کرے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ کشمیریوں کیلئے ہماری غیر متزلزل حمائیت جاری رہے گی۔