سی ڈی اے نے اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں میں پارکوں کے لیے مختص سرکاری اراضی کا قبضہ حاصل کر لیا

 
0
395

اسلام آباد فروری 13 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں میں پارکوں کے لیے مختص سرکاری اراضی کا قبضہ حاصل کر لیا ہے اور ان پارکوں کی اراضی کا قبضہ لینے کے بعد میٹروپولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی)کے انوائرنمنٹ ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ وہ پارکوں کے لیے مختص ان جگہوں پر پارکس ڈیویلپ کر کے ان کی دیکھ بھال کر سکیں۔
قبل ازیں یہ بات مشاہدے میں آئی تھی کہ اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں میں پارکوں کے لیے مختص کی جانے والی اراضی پر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے علاوہ ان جگہوں کے گرد و نواح رہنے والوں نے لان اور باغیچوں کی صورت میں قبضہ کر رکھا ہے جس پر سی ڈی اے انتظامیہ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی کہ وہ پارکوں کے لیے مختص ان جگہوں کو واگذار کرائیں تاکہ ان کا قبضہ ایم سی آئی کے حوالے کیا جا سکے۔ سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے رواں ہفتے آپریشن شروع کر دیا جس کے نتیجے میں پارکوں کے لیے مختص 11 جگہوں کو خالی کروا لیا اور ان کا قبضہ ایم سی آئی کے حوالے کر دیا۔ آپریشن کے دوران پارکوں کے لیے مختص 11 مقامات پر ہونے والی غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات بشمول کمرے، واش رومز، کھوکھے، بلڈنگ میٹریل کے ڈپو اور دیگر تجاوزات کو مسمار کر دیا۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے کئے جانے والے آپریشن میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے اور مشینری کے علاوہ ایم سی آئی کی انوائرنمنٹ ونگ، پلاننگ ونگ، ضلعی انتظامیہ،اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ شعبوں نے بھی بھر پور معاونت کی۔
پارکوں کے لیے مختص خالی کرائی جانے والی سرکاری اراضی کے مقامات میں سیکٹر F-11/1کی سٹریٹ نمبر73 اور سٹریٹ نمبر14اورسٹریٹ نمبر8 کے علاوہ سیکٹر F-11/4کی سٹریٹ نمبر50، سیکٹر G-8/1کی چمن روڈ، سیکٹر G-9/4کے روہتاس روڈ، سیکٹرF-11/3 کی سٹریٹ نمبر50،سٹریٹ نمبر52 سیکٹر F-11/2، سیکٹر G-11/3 کی سٹریٹ نمبر109 اور110، گلی نمبر165 سیکٹر G-11/1، سٹریٹ نمبر117 سروس روڈ(ایسٹ) سیکٹر G-11/3اور سیکٹر G-11/2کی سٹریٹ نمبر73شامل ہیں۔ مزید برآں پارکوں کے لیے مختص تین مقامات کی نشاندہی و حد بندی کے لیے سی ڈی اے کی پلاننگ ونگ اور اسٹیٹ ونگ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان تین جگہوں میں سیکٹر G-11/3کی سٹریٹ نمبر100، سیکٹر D-12/2کی سٹریٹ نمبر67جبکہ ماڈل ٹاؤن ہمک میں ایک پارک کی جگہ شامل ہیں تاکہ باقاعدہ نشاندہی اور حد بندی کے بعد کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔