افغان امن کی طرف تاریخی پیش رفت وزیراعظم عمران خان کی سیاسی بصیرت کا مظہر ہے

 
0
343

اسلام آباد ۔ 22 فروری (ٹی این ایس) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ افغان امن کی طرف تاریخی پیش رفت وزیراعظم عمران خان کی سیاسی بصیرت کا مظہر ہے، ان کا وژن ہے کہ مسائل کا حل جنگ سے نہیں مذاکرات سے ہی ممکن ہے، پاکستان نے اخلاص کے ساتھ افغان عمل میں جو مثبت کردار ادا کیا ہے وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ ہفتہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ امریکہ اور طالبان کے مابین29 فروری کو معاہدے پر دستخط خطے کے امن واستحکام کے لئے اچھی خبر ہے جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن، ترقی اور خوشحالی افغانیوں کا حق ہے۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے کہا کہ افغان بھائیوں، بہنوں اور بچوں نے نسل در نسل بدامنی کی بدقسمت صورتحال کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امن معاہدہ اس جانب اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن و استحکام دراصل جنوبی ایشیاء میں امن واستحکام کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اخلاص کے ساتھ افغان عمل میں جو مثبت کردار ادا کیا ہے وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ فریقین تشدد میں کمی اور امن کے معاہدے کیلئے کامیابی سے آگے بڑھیں۔