پاکستان اور ایران کا ریلوے میں دوطرفہ تعاون جاری رکھنے اور اسے وسعت دینے پر اتفاق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی کی ملاقات

 
0
237

اسلام آباد ۔ 10 مارچ (ٹی این ایس) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے دو طرفہ معاملات کے امور پر بات چیت ہوئی ، دونوں ممالک کے درمیان ریلوے کے حوالے سے اموربھی زیر بحث آئے ، دوطرفہ تعاون جاری رکھنے اور اسے وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سیکر ٹر ی/چیئر مین ریلویز حبیب الرحمن گیلا نی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیںجوکہ مستقبل میں مزید مستحکم ہو ںگے۔انہوں نے دونوں ممالک میں امن اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے اقدامات کو بہتر اور مضبوط بنانے پرزور دیا۔ وفاقی وزیر نے کوئٹہ تفتان سیکشن کی اپ گریڈیشن کیلئے ایران کی طرف سے ٹیکنیکل ٹیم کو دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان ریلوے کے ذریعے تجارت کے فروغ کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے میں عوام کے لئے سفری سہو لیات کے لئے وزارت ریلوے پر عزم ہے۔انہو ں نے کہا کہ کوئٹہ تفتان ریلوے لائن سے تجارت میں فروغ سے معاشی ترقی میں مزید اضافہ ہوگا۔ شیخ رشیداحمد نے کہا کہ دونوں ممالک کی طرف سے ریلوے کے حوالے سے معاملات کے لئے فوکل پرسن مقرر کئے جائیں گے جوکہ ریلوے کے دو طرفہ معاملات کا جائزہ لیںگے۔ ایرانی سفیرنے اسلام آباد، تہران، استنبول کنٹینر ٹرین کے دوبارہ آغاز کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہو ں نے کہاکہ اس ٹرین سے نہ صرف فریٹ بلکہ ٹورازم میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔ ایر انی سفیر نے وزیر ریلوے کی طرف سے ریلوے کی ترقی کے لئے اقدامات کو سراہا اوراس سلسلے میں تعاون پر وفاقی وزیر شیخ رشید احمد اور حکومت پاکستان کا شکر یہ ادا کیا۔