جنوبی پنجاب کے دیرینہ مطالبہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے الگ صوبہ کے قیام کیلئے قانون سازی کی جائے گی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی میڈیا سے گفتگو

 
0
308

اسلام آباد ۔ 11 مارچ (ٹی این ایس) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے دیرینہ مطالبہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے الگ صوبہ کے قیام کیلئے قانون سازی کی جائے گی، الگ صوبہ کے بل کی منظوری کیلئے دو تہائی اکثریت ضروری ہے، ملتان میں سیکرٹریٹ کے قیام کی منظوری ہو چکی ہے، 35 فیصد بجٹ مختص کیا جائے گا، 1300 نئی آسامیاں پیدا ہوں گی۔ پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے مشترکہ طور پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے جنوبی پنجاب کی اہم قیادت نے تفصیلی نشست کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب سمیت منتخب ارکان موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام سے جو وعدہ کیا تھا اس کی تکمیل کیلئے مو¿ثر قدم اٹھایا ہے، جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کیلئے اسمبلی میں بل پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے خوشی کا دن ہے،انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں جنوبی پنجاب کیلئے 35 فیصد بجٹ مختص کیا جائے گا، جنوبی پنجاب کے فنڈز کہیں اور منتقل نہیں کئے جا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے قیام کیلئے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت درکار ہے، جنوبی پنجاب صوبہ کے سیکرٹریٹ کے قیام کا فیصلہ ہو گیا ہے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب تعینات ہوں گے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کا دفتر بہاولپور میں ہو گا، ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کا دفتر ملتان میں ہو گا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے ساڑھے 3 ارب روپے درکار ہوں گے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے ساڑھے 1300 اضافی آسامیاں درکار ہوں گی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ کے فیصلہ سے وفاق مضبوط ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) دو تہائی اکثریت کے باوجود جنوبی پنجاب صوبہ نہ بنا سکی، قومی اسمبلی میں بل پیش کرنے کا مقصد نئے صوبے پر اتفاق رائے قائم کرنا ہے۔ اس موقع پرمعاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام سے متعلق امور پر تفصیلی بات ہوئی ہے، ملاقات میں جنوبی پنجاب صوبہ کے مجوزہ سیکرٹریٹ کے قیام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیاں دور کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد طیارہ حادثہ میں شہید پائلٹ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کرتے ہیں، حادثہ میں شہید پائلٹ کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا بھی اظہار کرتے ہیں۔