اسلام آباد(ٹی این ایس) زرداری صدر ، شہباز وزیراعظم ہونگے ،چیئرمین سینیٹ پی پی ،اسپیکر ن لیگ کا ہو گا،دونوں جماعتوں میں شراکت اقتدار کا معاہدہ طے

 
0
43

پاکستان مسلم لیگ (ن)اور پیپلزپارٹی میں حکومت سازی کیلئے معاہدہ طے پاگیا۔تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ پر بلاول بھٹو کی قیادت میں پی پی وفد سے مسلم لیگ ن کے حکومت سازی کے حوالے سے کامیاب مذاکرات ہوئے۔

مذاکرات میں ن لیگ اور پی پی کی مذاکراتی کمیٹی کے اراکین اور صدر ن لیگ شہباز شریف جبکہ بلاول بھٹو نے بھی شرکت کی۔ دیگر اراکین میں اسحاق ڈار ، مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ اور احسن اقبال بھی موجود تھے۔اجلاس میں دونوں جماعتوں نے عوامی ریلیف اور توقعات پر پورا اترنے کا عزم کیا جبکہ اختتام پر دعائے خیر بھی کروائی گئی۔اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں دونوں جماعتوں نے شرائط تسلیم کر کے شراکت اقتدار کا معاہدہ طے کیا۔ جس کے مطابق صدر مملکت کا عہدہ پیپلزپارٹی کے پاس ہوگا جبکہ وفاق میں ن لیگ کا وزیر اعظم ہوگا۔معاہدے کے تحت صدر پاکستان آصف زرداری جبکہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف ہوں گے۔

اس کے علاوہ قومی اسمبلی کا اسپیکر ن لیگ جبکہ سینیٹ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی سے ہوگا۔اس کے علاوہ وزیر اعلی بلوچستان بھی پیپلزپارٹی کا ہوگاجبکہ قومی اسمبلی کا سپیکر ن لیگ سے ہوگا۔پاکستان پیپلزپارٹی وفاقی کابینہ میں شامل نہیں ہوگی اور نہ ہی کوئی وزارت لے گی البتہ وزارت عظمی کیلئے شہباز شریف کو ووٹ دے گی۔

بعد ازاں اسلام آباد میں شہباز شریف اور آصف زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے حکومت سازی کے لیے اپنے نمبر پورے کرلیے ہیں، حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں، سنی اتحاد کونسل کے پاس حکومت بنانے کے نمبر ز پورے نہیں، وزیراعظم کے لیے شہباز شریف دونوں پارٹیوں کے متفقہ امیدوار ہوں گے جب کہ آصف زرداری صدر مملکت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب ملکر ملک کو مسائل سے نکالیں گے،عوام کی امیدوں کے مطابق پرفارم کرینگے۔