کورونا وائرس کی روک تھام : سعودی حکومت نے بڑا اعلامیہ جاری کر دیا

 
0
396

ریاض مارچ 14 (ٹی این ایس): سعودی حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے تمام سماجی تقریبات کے انعقاد پر پابندی لگا دی ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مملکت میں مقامی اور تارکین وطن کا کسی بھی مقام پر اجتماع کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

اس سلسلے میں شادی ہالز، گیسٹ ہاؤسز اور سماجی تقریبات کے ہالز میں لوگوں کے اکٹھا ہونے پر پابندی عائد ہو گی۔ یہ پابندی عارضی طور پر لگائی جا رہی ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندیاں لوگوں کی صحت کی سلامتی کی خاطر لگائی جا رہی ہیں، جن پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔

شادی ہالز اور ہوٹلز میں شادی بیاہ اور دیگر سماجی تقریبات پر عائد پابندی کی نگرانی گورنریٹس کی جانب سے کی جائے گی۔

جبکہ سعودی عرب کے کئی ہسپتالوں میں مریضوں سے ملنے پر پابندی لگائی گئی ہے۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق مشرقی ریجن میں آٹھ ہسپتالوں کی انتظامیہ کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ مریضوں کی صحت کے تحفظ کی خاطر انہیں ملاقاتیوں سے نہ ملنے دیں۔ ان ہسپتالوں میں کنگ عبداللہ میڈیکل کمپلیکس، دمام کا کنگ فہد سپیشلسٹ ہسپتال، جبیل جنرل ہسپتال، اسپیشلسٹ آئی ہسپتال اور راس تنورہ ہسپتال شامل ہیں۔

اس کے علاوہ دمام کے میڈیکل کمپلیکس، زچہ بچہ ہسپتال اوردماغی امراض کے ہسپتال شامل ہیں۔ کچھ ہسپتالوں میں مریضوں سے ملاقات کے لیے وقت گھٹا دیا گیا ہے۔وزارت صحت کے مطابق صرف قریبی رشتہ دار ہی مریض سے ملاقات کر سکیں گے۔ ملاقات کے اوقات شام پانچ سے چھ بجے کے درمیان ہوں گے۔ اس طرح ملاقاتی مریض سے صرف ایک گھنٹے کے لیے ملاقات کر سکیں گے۔ اوقات ملاقات میں کمی سے متعلق یہ پابندی عارضی طور پر لگائی گئی ہے۔