سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا اسلام آباد کے سیکٹر H-12کی کچی آبادی مومن خان میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری

 
0
17799

اسلام آباد مارچ 19 (ٹی این ایس): سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا اسلام آباد کے سیکٹر H-12کی کچی آبادی مومن خان میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ جمعرات کے روز سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بھاری مشینری کے ساتھ کچی آبادی مومن خان میں مزید 8گھر،11کمرے،04 کچن اور 03باتھ رومز کو مکمل طور پر مسمار کر دیا۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ایک اور ٹیم نے اسلام آباد کے سیکٹر G-11/4میں باؤنڈری وال، 03واش رومز، 03انٹری گیٹ کو مسمار کر دیا جبکہ F-10مرکز کے رہائشی پلازہ سلور روکس کے تہہ خانے میں غیر قانونی طور پر چلائے جانے والے کیفے نیٹ ہوٹل کو بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر سر بمہر کر دیا۔ اس موقع پر سی ڈ ی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ کا عملہ بھی موجود تھا۔ اسی طرح اسلام آباد کے سیکٹر H-8میں سرکاری اراضی پر بنائے گئے 06وضو خانے اور ایک واٹر ٹینک کو بھی ختم کر دیا گیا۔

آپریشن میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ، اسلام آباد پولیس اور سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ کے علاوہ دیگر متعلقہ شعبوں نے بھر پور معاونت کی۔