پبلشر جنگ گروپ میر جاوید رحمٰن انتقال کر گئے، میر جاوید رحمٰن کراچی کے اسپتال میں کچھ روز سے زیرِعلاج تھے

 
0
43937

لاہور مارچ 31 (ٹی این ایس): پرنٹر اور پبلشر جنگ گروپ میر جاوید رحمٰن رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ مرحوم میر جاوید رحمٰن میرِ صحافت جنگ گروپ کے بانی میر خلیل الرحمٰن کے بڑے صاحبزادے اور جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر ان چیف میر شکیل الرحمٰن کے بڑے بھائی ہیں۔

میر جاوید رحمٰن کراچی کے اسپتال میں کچھ روز سے زیرِعلاج تھے، اسپتال کی رپورٹ کے مطابق میر جاوید رحمٰن کو شوگر اور پھیپھڑوں کا شدید عارضہ لاحق تھا، اُنہیں اسپتال میں دورانِ علاج دل کا دورہ بھی پڑا تھا، جس کے بعد انہیں آئی سی یو میں داخل کر دیا گیا تھا۔

جنگ میڈیا گروپ کے بانی، میرِ کارواں میر خلیل الرحمٰن کے بڑے بیٹے کی حیثیت سے میر جاوید رحمٰن کو اپنے والد کی طرف سے صحافت ، سچ اور آزادیٔ اظہارِ رائے جیسا جوش و جذبہ وراثت میں ملا۔

میر جاوید الرحمٰن کی رہنمائی اور سربراہی میں جنگ گروپ پاکستان کا سب سے بڑا میڈیا گروپ بن گیا جس کے تحت کئی اخبارات، رسائل اور ٹی وی چینلز کام کر رہے ہیں۔

یہ بے باک صحافتی ادارہ مختلف قوتوں کے متعدد حملوں سے نبرد آزما رہا ہے، جنگ گروپ نے معاشی دباؤ اور جبر کے باوجود عوام کی خدمت اور عوامی رائے کو جاری رکھا ۔

جنگ میڈیا گروپ کی بقا کا راز پیشہ ور صحافی، تجزیہ کاروں اور کالم نگاروں کی ایک بڑی تعداد ہے جو آزادیٔ اظہارِ رائے کو دبانے اور اربابِ اقتدار کے سامنے سچ بولنے کی کوشش کرتی ہے اور دباؤ کی مزاحمت کرتے ہیں۔

جنگ گروپ انتظامیہ اپنے گروپ میں بحث و مباحثے کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور ایسا ماحول پیدا کرتی ہے جہاں دباؤ کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔