ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 1914ہو گئیں، 58 مریض صحتیاب

 
0
40730

اسلام آباد مارچ 31 (ٹی این ایس): ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار1914 ہوگئی ہے جب کہ جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 25 ہوگئی ہے۔

وفاقی وزارت صحت کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سیل کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1914 ہوگئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 148 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جب کہ ایک مریض دم توڑ گیا، 12 کی حالت تشویشناک ہے اور 58 مریضوں نے اس وائرس کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی۔

سندھ

سندھ میں آج بروز منگل کورونا وائرس سے مزید ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے جب کہ آج سندھ میں 61 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اب تک سندھ میں کل کیسز کی تعداد 676 ہو گئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو نے بتایا کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے 70 سالہ مریض کو گزشتہ روز اسپتال لایا گیا تھا جس کے انتقال کے بعد اس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

عذرا پیچوہو کے مطابق مریض کئی امراض میں مبتلا تھا جب کہ وہ لوکل ٹرانسمیشن کے باعث کورونا وائرس میں مبتلا ہوا۔

اس کے علاوہ صوبائی محکمہ صحت کی سمری کے مطابق سندھ میں آج بروز منگل کورونا وائرس کے نئے تمام 61 کیسز لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں جن میں سے کراچی کے 45 اور جام شورو کے 2 کیسز ہیں جب کہ حیدرآباد میں تبلیغی جماعت کے مزید 14 افراد میں کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 294 اور حیدرآباد میں 57 ہوگئی ہے جب کہ دادو میں ایک، جیکب آباد میں ایک اور جامشورو میں 2 کیسز ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ نے کورونا ریلیف پیکج کی منظوری دے دی، وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ

اس کے علاوہ سکھر میں موجود زائرین میں 265 اور لاڑکانہ میں 7 زائرین کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

پیر کے روز سندھ میں کورونا سے تین ہلاکتیں ہوئیں جو کراچی سے رپورٹ ہوئیں۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے مطابق کراچی کے رہائشی 66، 63 اور 52 سالہ مریضوں میں چند روز قبل مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد وہ زیر علاج تھے تاہم تینوں مریض انتقال کرگئے۔

پنجاب

صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے صوبے میں کورونا وائرس کے 652 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ لاہور میں 130، گجرات 62، جہلم 28، راولپنڈی 44، ننکانہ 13، گوجرانوالہ 11، فیصل آباد 9، حافظ آباد اور ڈی جی خان 5، منڈی بہاوالدین 4، رحیم یار خان اور میانوالی 3 جب کہ ملتان، وہاڑی اور سرگودھا میں 2،2 کیس ہیں۔

اس کے علاوہ نارووال، اٹک، خوشاب، بہاولپور، بہاول نگر ،قصور اور لیہ میں ایک ایک کیسز ہیں۔

گزشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے جس کےبعد صوبے میں مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی۔

پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت چیمہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق مریضوں کی عمریں 70، 55 اور 42 سال تھیں اور ان میں سے 2 مریضوں کی ٹریول سٹری بھی موجود تھی۔

پنجاب میں اب تک ہونے والی ہلاکتوں میں سے لاہور میں 4، راولپنڈی 3 جب کہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ صوبے میں اب تک 5 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

آج بروز منگل خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 4 کیس سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں جب کہ ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے جس کےبعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

صوبائی حکومت کے فوکل پرسن نے صوبے میں اموات کی تعداد 6 ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ہفتے قبل انتقال کر جانے والے شخص کی رپورٹ گزشتہ روز موصول ہوئی جس میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔

نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 221 ہوگئی ہے جس کی تصدیق وزیر صحت نے ٹوئٹر کے ذریعے کی جب کہ ان کے اعدادو شمار میں بھی 6 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔

واضح رہےکہ کے پی میں اب تک مہلک وائرس کے 2 مریض صحت یاب ہوئے جنہیں اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں آج بروز منگل کورونا وائرس کے مزید 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی حکومت کے ترجمان کی جانب سے کی گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس کے نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی تعداد 153 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

آج گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 148ہوگئی ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے ایک وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ہیں جب کہ ایک کا تعلق محکمہ صحت سے تھا۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

سرکاری پورٹل کے مطابق آج اسلام آباد میں کورونا وائرس کے اب تک 7 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی تعداد 58 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں اتوار کے بعد سے تاحال کورونا وائرس کا اب تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا البتہ اتوار کو 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

آزادکشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی نے مزید 4 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ آزادکشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔

ڈاکٹر نجیب نقی کا کہنا تھا کہ دو مریضوں کا تعلق بھمبر اور دو کا میرپور سے ہے، میرپور میں بیرون ملک سے آئے متاثرہ شخص کے والدین میں بھی کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

وزیر صحت آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ چاروں مریضوں کے علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔