پاکستان ائیرلائن پائلٹ ایسوسی ایشن(پالپا) نے کورونا وائرس کے سبب حفاظتی اقدامات کے تحت تمام پائلٹس کو جہاز اڑانے سے روک دیا

 
0
310

اسلام آباد اپریل 05 (ٹی این ایس): پالپا کا کہنا ہے ہمدردی کی بنیاد پر خصوصی پروازیں چلائی گئیں تھیں لیکن پائلٹس اور دیگر عملے کی صحت کا خیال نہیں رکھا جا رہا۔ پالپا کے اس اقدام سے قومی ایئرلائن کا جزوی فضائی آپریشن بھی معطل ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے بیرون ملک فلائٹ آپریٹ کرنے والے کریو کے کورونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سندھ حکومت پی آئی اے کریو کو کورنٹائن کر رہی ہے تاہم کریو کر کورنٹائن کرنے پر پالپا نے احتجاج کیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ پالپا کو بتایا ہے کہ یہ ہمارا نہیں سندھ گورنمنٹ کا فیصلہ ہے، پالپا کے ساتھ پی آئی اے انتظامیہ رابطے میں ہے، پی آئی اے کریو کی سیفٹی پر انتظامیہ سمجھوتا نہیں کرے گی، پالپا کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے فلائٹ آپریشن متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

پی آئی اے حکام کے مطابق حکومت پاکستان کے مقرر اور وضح کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ ہدایات میں جہاز کی ڈس انفیکشن سے لے کر عملے کی صحت و سلامتی کی احتیاط شامل ہیں۔

کراچی ائیرپورٹ پر واقعہ عملے سے متعلق حکومتی ہدایات کے منافی ہے۔ خالی جہاز لندن سے واپس آنے سے 3 گھنٹے قبل تمام حکام کو اطلاع کردی گئی تھی۔

ہدایات کے باوجود محکمہ صحت سندھ نے کپتانوں کو زبردستی قرنطینہ کرنے پر اصرار کیا۔ ہدایات کے منافی سلوک پر سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

فضائی عملے میں کورونا کی موجودگی کی اطلاعات گمراہ کن ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں۔ فضائی عملہ پی آئی اے کے ہوٹل میں آئیسولیشن میں ہے اور ٹیسٹ کے نتائج کی منتظر ہے۔