ڈیم فنڈ کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے جمع کروانے کا اعلان کر دیا
اسلام آباد ستمبر 18 (ٹی این ایس): سابق صدر پرویز مشرف نے وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر ڈیم فنڈ کے لیے 1.5 کروڑ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اس وقت خشک سالی کے سنگین خطرے سے دوچار ہے اور اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہوچکی ہے۔ڈیموں کی تعمیر کے لیے چیف جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے اٹھایا گیا اقدام قابل تحسین ہے اور انکی جانب سے بنائے گئے اکاونٹ میں اب تک 2 ارب روپیے کی خطیر رقم جمع ہوچکی ہے۔
تاہم 7 ستمبر کو اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے اس حوالے سے قوم سے خصوصی خطاب کیا اور ان سے اپیل کی کہ وہ ڈیموں کی تعمیر کے لیے فنڈنگ کریں۔انہوں نے اپنی تقریر میں بیرون ملک پاکستانیوں سے بھرپور اپیل کی۔وزیر اعظم عمران خان کی آواز پر بیرون ملک پاکستانیوں نے فوری لبیک کہتے ہوئے مثبت ردعمل دے دیا ہے۔اس طرح پاکستان میں رہنے والے شہریوں کا جوش و جذبہ بھی دیدنی ہے۔
اس موقع پر ابتداء اے آر وائے کے صدر سلمان اقبال نے کی جنہوں نے ایک لاکھ ڈالر عطیہ کئیے۔ان کے بعد پھر یہ سلسلہ چل نکلا۔ملک ریاض نے 5 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔سیاستدان بھی اس دوڑ میں پیچھے نہ رہے۔مختلف اراکین اسمبلی نے اپنی تنخواہیں ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان کیا۔سیاستدانوں کو میدان میں دیکھ کر متعدد شخصیات بھی اس دوڑ میں آگے آگے آ گئیں۔
تازہ ترین خبر کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف بھی وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے میدان میں آ گئے۔ڈیم فنڈ کے لیے 1.5 کروڑ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اپنی کتاب ‘ان دی لائن آف فائر’ لکھنے پر پبلشر نے مجھے ڈیڑھ کروڑ روپے کی رقم دی تھی۔ میں نے یہ رقم مستحق افراد کیلئے ٹریننگ سنٹر بنانے کیلئے رکھی تھی جو اب ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان کرتا ہوں۔
پرویز مشرف کے مطابق مجھے ایک لیکچر کے ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد رقم ملتی ہے۔ میری اس فیس کا مذاق اڑایا گیا ہے جن لوگوں کو اعتراض یا شک ہے وہ ہیری والکر ایجنسی سے رابطہ کرکے پوچھ لیں۔پرویز مشرف کا کہنا ہے کہ وہ ایک لیکچر کی ڈیڑھ کروڑ روپے فیس کے ثبوت بھی عدالت میں جمع کرائیں گے۔












