بیرون ملک مقیم پاکستانی کورونا وائرس کے تناظر میں پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے وزیر اعظم ریلیف فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، وزیر اعظم

 
0
211

اسلام آباد ۔ 13 اپریل (ٹی این ایس) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کورونا وائرس کے تناظر میں پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے وزیر اعظم ریلیف فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، لاک ڈائون کی وجہ سے غربت میں اضافہ ہو رہا ہے، انشاء اللہ ہم کوروناوائرس پر قابو پانے میں کامیاب رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے نام اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت پاکستان سمیت پوری دنیا کو کورونا وباء کے چیلنج کا سامنا ہے۔ لاک ڈائون کے باعث حالات اچھے نہیں۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں غربت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے اپنی 30 کروڑ آبادی کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے 2200 ارب ڈالر، جرمنی اور جاپان نے ایک ایک ہزار ارب ڈالر سے زائد رقوم مختص کی ہیں جبکہ ہم نے اپنے ملک کی 22 کروڑ آبادی کے لئے 8 ارب ڈالر کا پیکج دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم تمام پاکستانی وزیراعظم ریلیف فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنی رقوم و عطیات جمع کرائیں۔ آپ کی مدد سے انشاء اللہ ہم کورونا وائرس پرقابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔