ملک بھر میں کورونا وائرس کی تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7,993 ہو گئی، 1,868 افراد صحتیاب

 
0
441

اسلام آباد اپریل 19 (ٹی این ایس): دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا کے وار جاری ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 514 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے نتیجے میں ملک میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 7993 ہوگئی۔

طبی عملے نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7847 ٹیسٹ کیے گئے اور اب تک مجموعی طور پر 98 ہزار 522 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ 1868 افراد اس موذی مرض سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 3649 مریض ہیں۔ سندھ میں 2355، خیبر پختونخوا 1137، بلوچستان 376، اسلام آباد میں 171جب کہ گلگت بلتستان میں 257 اور آزاد کشمیر میں 48 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں اتوار کے روز مزید 184 کیسز اور 4 اموات رپورٹ ہو ئیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی تعداد 3649 جب کہ اموات کی تعداد 41 ہو گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے سوشل میڈیا بیان کے ذریعے صوبے میں کیسز اور اموات کی مجموعی صورت حال سے آگاہ کیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں مزید 8 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اسلام آباد میں مریضوں کی تعداد 171 ہو گئی ہے جب کہ شہر اقتدار میں کورونا سے اب تک 2 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

سندھ

ہفتے کے روز بھی سندھ میں کورونا وائرس کے 138 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 2355 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 55 ہو گئی ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں کورونا کے 60 نئے کیسز اور 10 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 1137 اور اموات کی مجموعی تعداد 60 تک پہنچ گئی ہے۔

گزشتہ روز بھی کے پی میں 84 کیسز اور 5 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔ محکمہ صحت کے پی کے مطابق صوبے میں کورونا سے متاثرہ 216 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

بلوچستان

صوبے میں ہفتے کو کورونا وائرس کے مزید 25 کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے کی تھی۔

لیاقت شاہوانی کے مطابق صوبے میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 376 ہوگئی ہے جن میں سے اب تک مقامی طور پر 229 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جب کہ 145 ایران سے آئے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بھی ہفتے کو کورونا کے 7 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں کورونا سے متاثرہ افراد مجموعی تعداد 257 ہو گئی جب کہ اب تک 193 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں ہفتے کو کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا البتہ جمعے کو 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد وہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 48 ہوگئی تھی تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔