اسلام آباد کے ہاؤسنگ منصوبے پارک انکلیوI- کے مرکزی گیٹ پر مکمل سیکورٹی سسٹم نصب کر دیا گیا

 
0
399

اسلام آباد:05 مئی (ٹی این ایس): اسلام آباد کے ہاؤسنگ منصوبے پارک انکلیوI- کے مرکزی گیٹ پر مکمل سیکورٹی سسٹم نصب کر دیا گیا ہے جس میں کیمروں کے علاوہ پارک انکلیوآنے والے لوگوں کا باقاعدہ ریکارڈ بھی محفوظ کیا جا سکے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے پارک انکلیو کے رہائشیوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے پرائیویٹ طور پر سیکورٹی کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی جو پارک انکلیو کی تمام سیکورٹی کی ذمہ دار ہو گی۔

پارک انکلیوI- میں باقیماندہ ترقیاتی کاموں کی فوری تکمیل اور پارک انکلیو میں گھر بنانے والوں کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنانے کے لیے اس ہاؤسنگ منصوبے پر حتمی مراحل میں ہے اور اس منصوبے کے الاٹی نہ صرف اپنے گھر تعمیر کر رہے ہیں بلکہ کئی الاٹی گھر بنانے کے بعد پارک انکلیوI- میں رہائش پذیر بھی ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی ہے کہ مرکزی گیٹ پر جدید ترین سیکورٹی سسٹم کی تنصیب کے بعد پارک انکلیو کے اندر سڑکوں کے درمیان گرین پٹی کی لینڈ سکیپنگ کے جاری کام کو فوری مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گھاس کے علاوہ خوبصورت موسمی پھولوں کے پودوں کے علاوہ مناسب وقفہ پر بڑے اور سایہ دار درخت بھی لگائے جائیں تاکہ پارک انکلیوI-کے اندر کے ماحول کو بھی بہتر بنایا جا سکے۔

سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے پارک انکلیو میں تعطل کے شکار باقیماندہ ترقیاتی کاموں کو شروع کرنے کو اپنی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے قلیل عرصے میں پارک انکلیوI- کے باقی ماندہ کام تقریباًمکمل کر لیے ہیں اور سی ڈی اے نے گذشتہ ماہ سٹریٹ لائیٹس بھی روشن کر دی تھیں جبکہ گیس کی فراہمی کے لیے ڈیمانڈ نوٹس کے علاوہ سٹریٹ لائیٹس کو مطلوبہ بجلی کی فراہمی کے لیے واجبات کی ادائیگی کر کے آئیسکو سے ٹرانسفارمر کی تنصیب بھی ہو چکی ہے جبکہ پارک انکلیو کے اندر نالے پر بنائے جانے والے پل کا 80 فیصد سے زائد ترقیاتی کام مکمل ہو چکا ہے۔