سی ڈی اے کے ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ایچ آر ڈی) اور ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ میں منگل کے روز سے ای۔فائلنگ سسٹم فعال ہو گیا

 
0
1091

اسلام آباد:05 مئی (ٹی این ایس): سی ڈی اے کے ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ایچ آر ڈی) اور ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ میں منگل کے روز سے ای۔فائلنگ سسٹم فعال ہو گیا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے ادارے میں ای فائلنگ سسٹم کے نفاذ کے لیے اس سے قبل ہدایات جاری کر دی تھیں۔ ای فائلنگ سسٹم کا اطلاق ادارے میں مرحلہ وارکیا جائے گا۔اس ضمن میں سی ڈی اے انتظامیہ نے پہلے مرحلے میں سی ڈی اے کے ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ میں ای فائلنگ کو بطور پائلٹ پراجیکٹ قابل عمل بنانے کا فیصلہ کیا۔سی ڈی اے کے انفارمیشن ٹیکنالوجی(آئی ٹی) ڈائریکٹوریٹ نے دو ہفتوں کے دوران ڈیٹا حاصل کر کے ایچ آر ڈی اور ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ میں ای۔فائلنگ سسٹم کو قابل استعمال بنا دیا۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے ادارے کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈائریکٹوریٹ کو یہ ٹاسک دیا ہے کہ وہ جلد باقی شعبوں کو بھی ای۔فائلنگ سسٹم کے ساتھ منسلک کر کے اس کو قابل عمل بنائے۔
اس ضمن میں سی ڈی اے کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈائریکٹوریٹ نے ای فائلنگ سسٹم کو قابل عمل بنانے کے لیے جہاں مخصوص آلات نصب کیے وہاں متعلقہ شعبوں کے سٹاف کو بھی باقاعدہ تربیت فراہم کی اور ان شعبوں کے افسران اور ملازمین کے لیے متعدد باقاعدہ تربیتی سیشن کا انتظام بھی کیا۔
واضح رہے کہ ای۔فائلنگ سسٹم کو زیر استعمال لانے کا مقصد ادارے میں کام کی رفتار کو تیز، غلطی سے مبرا اور کم خرچ بنانا ہے۔ مزید برآں ای۔فائلنگ سسٹم سے دفتری امورکو چلانے کے لیے کاغذ کے استعمال کے ایک بڑے مسئلہ پر موئثر انداز میں قابو پایا جا سکے گا۔