مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج کی پر امن مظاہرین پر فائرنگ ، ایک نوجوان شہید، متعد د زخمی

 
0
295

سرینگر جولائی21(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران جمعہ کو ضلع بڈگام میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تنویر احمد وانی نامی نوجوان ضلع کے علاقے بیروہ میں پر امن مظاہرین پر قابض فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہوا۔شہید کا تعلق بیروہ کے گاؤں آروہ سے بتایا جاتا ہے۔ فوجیوں کی فائرنگ سے متعدد نوجوان زخمی ہو گئے۔ نوجوان کی شہادت کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے اورآخری اطلاعات ملنے تک قابض فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا۔سوپور قصبے میں بھی نماز جمعہ کے بعد نوجوانو ن نے زبردست بھارت مخالف مظاہرے کیے۔ مظاہرین اور قابض اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ نوجوانوں نے جامع مسجد سے قصبے کے مرکزی چوک کی طرف مارچ کی کوشش کی جس دوران قابض اہلکاروں نے انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو یس کی شدید شیلنگ کی جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ دریں اثنا بھارتی پولیس نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو دیگر ساتھیوں کو ہمراہ سرینگر کے علاقے ڈلگیٹ میں اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ سونہ وار کے علاقے میں قائم اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین دفتر کی طرف مارچ کررہے تھے جسکی کال مشترکہ مزاحمتی قیادت نے دی تھی۔ پولیس نے قبل ازیں محمد یاسین ملک کی گرفتاری کے لیے سرینگر کے علاقے آبی گزر میں واقع انکی پارٹی کے دفتر پر چھاپہ مارا ۔ادھر کرفیو اور پابندیوں کے باجود لوگ سرینگر ، بڈگام، گاندر بل ، اسلام آباد، شوپیاں، پلوامہ، کولگام، بارہمولہ، سوپور، بانڈی پورہ، کپواڑہ اور دیگر علاقوں میں سڑکوں پرنکل آئے اور آزادی اور پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ انہوں نے متعدد مقامات پر پاکستان کے جھنڈے بھی لہرائے ۔ بھارتی پولیس نے مختلف مقامات پر مظاہرین کو طاقت کے وحشیانہ استعمال کا نشانہ بنایا جس کے باعث متعد د افراد زخمی ہو گئے۔ بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں نہتے شہریوں کے قتل عام کے خلاف آج مکمل ہڑتال بھی کی گئی۔ دکانیں اور کاروباری مرکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔ سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں اقوام متحدہ کے مبصر دفتر اور نیویارک میں عالمی ادارے کے ہیڈ کوارٹرزکو ایک یادداشت ای میل کی ہے جس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور عالمی ادارے کے تمام رکن ممالک پر زوردیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کی سنگین صورتحال کا سخت نوٹس لیں اورمقبوضہ علاقے میں کشمیری عوام خصوصاً نوجوانوں کا منظم قتل عام رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ کچھ نادیدہ اور درپردہ قوتوں نے آزادی پسند قیادت اور نظریۂ پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ شروع کردیا ہے ۔ انہوں نے پاکستانی پرچم کی بے حرمتی اور حریت قیادت کے خلاف پروپیگنڈے کے بارے میں اطلاعات پر تشویش ظاہر کی