بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ، 2 خواتین اور 2 بچے شدید زخمی

 
0
340

اسلام آباد 10 جون 2020 (ٹی این ایس): پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے جندروٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 خواتین اور 2 بچے شدید زخمی ہوگئے، پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کو طبی امداد کے لیے قریبی میڈیکل سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں میں 26 سالہ نسرین، 24 سالہ رابعہ، 7 سالہ بچی مومنہ اور 7 سالہ بچہ منشی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ ماہ بھی بھارتی فوج نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا تھا۔

یاد رہے کہ چار روز قبل پاک فوج نے بھارت کا جاسوس ڈرون مار گرایا تھا، بھارتی کواڈ کاپٹر لائن آف کنٹرول کے خنجر سیکٹر پر گرایا گیا تھا، رواں سال گرایا جانے والا یہ 8 واں بھارتی کواڈ کاپٹر تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کںٹرول پر شہری آبادی پر فائرنگ اور گولہ باری کی گئی تھی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے اہلکار سمیت متعدد شہری شہید ہوگئے تھے۔