بالآخر ساڑھے 9سال بعد انصاف مل گیا، صحافی ولی خان بابر کا قاتل گرفتار

 
0
255

کراچی 16 جون 2020 (ٹی این ایس): صحافیوں کی کوششں بلاآخر رنگ لے آئیں، کراچی میں قتل ہونے والے صحافی ولی خان کے قاتل پکڑے گئے۔ صوبائی وزیر اطلاعات اور پولیس چیف نے بھی ولی خان بابر کے قاتل پکڑے جانے کی تصدیق کردی۔

صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ اور کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ صحافی ولی بابر پر گولی چلانے والے قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ولی خان بابر کو 13 جنوری 2011 کو لیاقت آباد میں قتل کیا گیا تھا۔کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ ولی بابر قتل کیس میں 8 ملزمان نامزد تھے، ایک ملزم لیاقت علی واقعے کے ایک سال بعد مارا گیا تھا، فیصل موٹا اور ذیشان عرف شانی کو سزائے موت کی سزا سنائی گئی۔

غلام نبی میمن کے مطابق کیس کے 4 ملزمان 2015 میں پکڑے گئے تھے، وفاقی ادارے کی انٹیلی جنس نے ذیشان عرف شانی کو گرفتار کیا، تحقیقات میں ذیشان عرف شانی نے 4 قتل کا اعتراف کیا۔

کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ ولی بابر پر براہ راست گولی چلانے والا ذیشان عرف شانی تھا، صحافی کے قتل کا ماسٹر مائنڈ فیصل موٹا تھا، قاتل نے بتایا ولی بابر کو مارنے کی وجہ اے این پی کے لیے کام کرنا تھا۔

وزیراطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ قاتل سے کوئی رعائیت نہیں بخشی جائے گی،قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔

صحافی ولی بابر کو 13 جنوری 2011 کو شہید کیا گیا تھا، ولی بابر کو دفتر سے واپس گھر جاتے ہوئے لیاقت آباد میں نشانہ بنایا گیا۔

مارچ 2014 میں خصوصی عدالت نے دیگر 4 ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی تھی، ملزمان میں علی رضوی، شاہ رخ، نوید عرف پولکا اور فیصل محمود شامل ہیں۔