وزیراعظم کا انضمام شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی کے وفد سے ملاقات کے دوران اظہار خیال

 
0
308

اسلام آباد 24 جون 2020 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انضمام شدہ اضلاع کےلئے ترقیاتی فنڈز کی بلاتعطل فراہمی کے حوالہ سے وفاقی حکومت اپنی ذمہ داری پوری کر رہی ہے، ان علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انضمام شدہ اضلاع (سابقہ قبائلی علاقہ جات) سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس نے وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کی سربراہی میں وزیرعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والے ممبران میں گل داد خان، گل ظفر خان، ساجد خان اور محمد اقبال خان شامل تھے۔ ملاقات میں انضمام شدہ اضلاع میں عوامی فلاحی و ترقیاتی امور، کورونا وبا کی روک تھام کے حوالہ سے اقدامات اور سماجی و اقتصادی ترقی کے حوالہ سے روڈ میپ پر پیشرفت کے امور پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انضمام شدہ اضلاع کےلئے ترقیاتی فنڈز کی بلاتعطل فراہمی کے حوالہ سے وفاقی حکومت اپنی ذمہ داری پوری کر رہی ہے، ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ وفد نے انضمام شدہ علاقوں کی تعمیر و ترقی کے حوالہ سے وزیرِاعظم کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔