حکومت نے مزدوروں کی بڑی مشکل حل کردی، بیٹیوں کی شادی کی گرانٹ سے متعلق خوشخبری

 
0
206

اسلام آباد 24 اگست 2020 (ٹی این ایس): ورکرز ویلفیئر فنڈ نے مزدوروں کی بیٹیوں کے لیے شادی کی گرانٹ کو دگنا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف کی گورننگ باڈی نے مزدوروں کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ان کی بیٹیوں کے لیے شادی کی گرانٹ دگنی کر دی ہے۔

مزدوروں کی بیٹیوں کے لیے شادی کی گرانٹ پہلے ایک لاکھ روپے تھی جسے بڑھا کر 2 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے، ڈیتھ گرانٹ میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے، جو اب 5 لاکھ سے بڑھ کر 6 لاکھ روپے ہو گئی ہے۔

اس سلسلے میں معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ تمام محکموں کو متحرک اور منافع بخش اداروں میں تبدیل کرنے کے لیے ہم حکومتی سطح پر پُر عزم ہیں، اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کو منافع کمانے والے شعبے میں تبدیل کر دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ای او بی آئی میں بھی بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے اقدامات کیے گئے۔

یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل کھیوڑہ، جہلم میں ای او بی آئی کے دفتر کا افتتاح کرتے ہوئے خوش خبری دی تھی کہ یکم ستمبر سے بزرگوں کو گھر پر پنشن پہنچائی جائے گی۔ انھوں نے کہا تھا کہ ای او بی آئی میں انفارمل ایمپلائمنٹ بھی لا رہے ہیں، بھٹے کے مزدور اور کھیتوں میں کام کرنے والی خواتین بھی اب حق دار ہوں گی۔