شدید بارش سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے تحصیل کلر کہار کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ نور پور میں ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کر کے سیلابی پانی سے متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا، عبدالستار عیسانی

 
0
307

چکوال 01 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ عبدالستار عیسانی نے کہا ہے کہ شدید بارش سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے تحصیل کلر کہار کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ نور پور میں ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کر کے سیلابی پانی سے متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جن کے لئے فلڈ ریلیف کیمپس گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج بوچھال اور گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول بھلیال میں قائم کئے گئے ہیں جہاں پر رکھے گئے متاثرین کو ناشتہ اور کھانا دیا جا رہا ہے جبکہ انہیں ضروری طبی سہولیات کی فراہمی کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بات مذکورہ ریلیف کیمپوں کا دورہ کر کے امدادی کارروائیوں کے معائنہ کے موقع پر بتائی۔ اس موقع پر ریلیف آپریشن کے انچارج اے ڈی سی آر مصور خان نیازی نے ڈپٹی کمشنر کو متاثرین کے لئے جاری امدادی کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ریلیف کیمپوں میں مقیم متاثرین سے ملاقات کی اور ان سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ضلعی انتظامیہ انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلیف کیمپوں میں ہر ممکن امدادی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی گئی ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ امدادی کارروائیوں کی نگرانی کے لئے ضلعی انتظامیہ کے افسران موقع پر موجود ہیں اور متاثرین کو سہولیات کی فراہمی میں تعطل ہر گز نہیں آنے دیا جائے گا۔