سب نے دیکھا کہ شہبازشریف نے زرداری کو کیسے کراچی کی سڑکوں پر گھسیٹا: اسد عمر

 
0
390

اسلام آباد 05 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم آج ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے، فلاحی کاموں میں سیاست آڑے نہیں آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، انہوں نے کہا کہ آج انشاءاللہ وزیر اعظم کسی بھی شہر کے لئے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے۔

کراچی کے لئے یہ تاریخی کام، وفاق اور صوبائی حکومتیں اشتراک سے کریں گی. عوام کے ترقیاتی اور فلاحی کاموں میں سیاست آڑے نہیں آئے گی. سندھ کے دوسرے علاقوں میں بھی ایسے ہی کام ہوگا۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور کے الیکٹرک حکام میں ملاقات ہوئی ملاقات میں کراچی میں بجلی کے نظام اور دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی، اس ملاقات کے حوالے سے وفاقی وزیر اسد عمر وزیراعظم کو کےالیکٹرک کی کارکردگی اور مسائل پر مبنی رپورٹ پیش کریں گے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ کےالیکٹرک کے لائسنس میں ترمیم کی ضرورت ہے تو کی جائے، سنجیدگی سے کےالیکٹرک کے پاس انتظامیہ کے اختیار کو دیکھنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے نرخ ہم نے نہیں نیپرا نےبڑھائے ہیں، یہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا نہیں بلکہ نیپرا کا فیصلہ ہے، اور نیپرا حکومت کے ماتحت نہیں، باقی پاکستان والے2سال سے جو بل ادا کررہے ہیں وہ کراچی والے اب ادا کریں گے،

ایک سوال کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ زمین پر کام ہوچکا ہے اورافتتاح بھی ہوچکا ہے، کے فور کے پانی کا منصوبہ اور کے سی آر پر جوانی سے سن رہے ہیں لیکن یہ منصوبے آج تک مکمل نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں کلی اختیار کسی ایک کے پاس نہیں ہے، کراچی کے مسائل پی ٹی آئی، عمران خان اور وزیراعلیٰ کے مسائل نہیں البتہ جو مسائل ہم برسوں سے دیکھ رہے ہیں ان پر قابو بھی پایا جائے گا۔

کےسی آر کراچی کی کی ضرورت ہے، کے فور سے شہر کو پانی چاہیے، کراچی میں نالوں پر تجاوزات کھڑی کی گئیں جس سے مسائل پیدا ہوئے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ بنیادی مسائل حل ہوں گے تو نئی چیزوں پر بات ہوگی، خوشی ہوئی کہ شہبازشریف کے دل میں کراچی کا درد جاگا، شہبازشریف کراچی کے شہریوں کے بجائےآصف زرداری کے پاس گئے۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے دیکھا کہ شہبازشریف نے زرداری کو کیسے کراچی کی سڑکوں گھسیٹا، میرے لیے بھی یہاں کھڑے ہوئے صوبائی حکومت پرتنقید کرنا آسان ہے، کراچی اب سیاست نہیں ایکشن دیکھنا چاہتا ہے۔