جولائی میں ملکی تاریخ کی بلند ترین ترسیلات زرموصول ہوئیں: وزیر اعظم عمران خان

 
0
332

اسلام آباد 14 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اگست 2020 میں سمندر پار پاکستانیوں نے ترسیلات زر کی مد میں 2 ہزار 95 ملین ڈالر بھجوائے جو گزشتہ مالی سال کی نسبت کہیں زیادہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اگست 2020 میں سمندر پار پاکستانیوں نے ترسیلات زر کی مد میں 2 ہزار 95 ملین ڈالر بھجوائے جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 24.4 زیادہ ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جولائی 2020 میں یہ ترسیلات 2 ہزار 768 ملین کی ریکارڈ سطح تک پہنچیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران یہ ترسیلات گزشتہ برس کے اسی دورانیے کی نسبت 31 فیصد زیادہ رہیں۔

یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جولائی میں ملکی تاریخ کی بلند ترین ترسیلات زر 2 ارب 76 کروڑ ڈالر موصول ہوئیں، یہ جون 2020 کی نسبت 12.2 فیصد جبکہ جولائی 2019 کی نسبت 36.5 فیصد زیادہ ہیں۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ جولائی 2020 میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ترسیلات زر میں ساڑھے 36 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ کسی ایک مہینے میں پاکستان میں آنے والی ترسیلات زر کی بلند ترین سطح ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2020 میں سعودی عرب سے 82 کروڑ ڈالر، عرب امارات سے 53.82 کروڑ ڈالر، برطانیہ سے 39 کروڑ ڈالر اور امریکا سے 25 کروڑ ڈالر بھیجے گئے۔