وفاقی سیکرٹری اطلاعات اکبر حسین درانی اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر شاہیرہ شاہد کا پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے دفتر کا دورہ

 
0
287

پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر بہزادسلیمی نے سیکرٹری اطلاعات اور پی آئی او کو پی آراے کی ورکنگ اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی
وزارت اطلاعات صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کو تنخواہوں کے ادائیگی یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ بہزادسلیمی
وزارت اطلاعات پارلیمانی رپورٹرز کو پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی ۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات

اسلام آباد 17 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): وفاقی سیکرٹری اطلاعات اکبر حسین درانی اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر شاہیرہ شاہد نے پارلیمنٹ ہائوس میں پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے دفتر کا دورہ کیا جہاں صدر پی آراے بہزادسلیمی نے ان کا خیرمقدم کیا ۔

وفاقی سیکرٹری اطلاعات اکبر حسین درانی ، پرنسپل انفارمیشن آفیسر شاہیرہ شاہد اور پی آراے کے صدر بہزادسلیمی کے درمیان ملاقات پارلیمانی رپورٹرز کی استعداد کار کی بہتری اور سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ پارلیمنٹ ہائوس میں پارلیمانی رپورٹرز کے لیے تربیتی ورکشاپ کے انعقاد اور صحافیوں کو تبخواہوں کی عدم ادائیگی سمیت درپیش دیگر مسائل کو حل کرنے سے متعلق بھی بات چیت کی گئی ۔ بہزادسلیمی نے سیکرٹری اطلاعات اور پی آئی او کو پی آراے کی ورکنگ اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ انہوں نے کہا کہ پی آراے کئی کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم صحافیوں کی ابتدائی فہرست آئندہ چند روز میں وزارت اطلاعات کو فراہم کردے گی۔ وزارت اطلاعات صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کو تنخواہوں کے ادائیگی یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات اکبر حسین درانی اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر شاہیرہ شاہد نے صحافیوں کے لیے پی آراے کی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ پی آراے جن صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کئ فہرست فراہم کرے گی ان کے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائےگا۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے صدر پی آراے کو یقین دہانی کرائی کہ وزارت اطلاعات پارلیمانی رپورٹرز کو پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ پارلیمنٹ پریس لائونج کی اپ گریڈیشن میں بھی تعاون فراہم کیا جائے گا ۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے پی آئی او کو ہدایت کی کہ پی آراے کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے ۔ پرنسپل انفارمیشن آفیسر شاہیرہ شاہد نے پی آراے کو اپنے تعاون کی فراہمی کا یقین دلایا اور کہا کہ پی آراے کے اشتراک سے پارلیمانی رپورٹرز کی ٹریننگ ورکشاپ کے لیے جلد انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی ۔