بلدیہ فیکٹری کیس میں باعزت بری ہونے پر اللہ کا مشکور ہوں، رؤف صدیقی

 
0
154

کراچی 22 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ سندھ رؤف صدیقی نے کہا کہ بلدیہ فیکٹری کیس میں باعزت بری ہونے پر اللہ کا مشکور ہوں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رؤف صدیقی کا کہنا تھا کہ سانحہ کے وقت میں نے احتجاجاً وزارت سے استعفیٰ دیا تھا، 2017میں رضاکارانہ طورپر خود عدالت میں پیش ہوا۔

رؤف صدیقی نے کہا کہ بلدیہ فیکٹری کیس میں 200 پیشیاں بھگت چکا ہوں، سانحہ بلدیہ میں جاں بحق افراد کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ بلدیہ کیس میں عدالت میں ہر پیشی پر لواحقین کی چیخیں نہیں بھول سکتا، کیس کا فیصلہ لواحقین کے لیے اچھی خبر ہے۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ کیس کی پیروی کرتے ہوئے میرے وکلا نے دن رات محنت کی۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں رحمان بھولا اور زبیر چریا کو سزائے موت سنادی۔

عدالت نے ایم کیوایم رہنما رؤف صدیقی سمیت چار افراد کو عدم ثبوتوں کی بنیاد پر بری کر دیا۔ بری ہونے والوں میں ادیب خانم، علی حسن قادری اور عبد الستار بھی شامل ہیں۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت نے چار ملزمان کو سہولت کاری کا جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی۔ سزا پانے والے سہولت کاروں میں ارشد محمود، فضل، شاہ رخ اور علی احمد شامل ہیں۔