415 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیدیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان

 
0
694

گلگت بلتستان 06 نومبر 2020 (ٹی این ایس): چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کہا کہ قائم کیے جانے والے پولنگ اسٹیشنز میں سے 339 کو حساس اور 415 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد بڑھائی بھی جاسکتی ہے۔

راجہ شہباز خان نے کہا کہ ہم اس وقت جنگی حالات میں کام کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کام پر تنقید کی جا رہی ہے لیکن تعریف کوئی نہیں کرتا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ کو بریفنگ دینے کے لیے اسلام آباد گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایم ڈی پرنٹنگ پریس سے ملاقات بھی کی جس میں بیلٹ پیپرز کی منظوری دے دی۔

ہم نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے کہا کہ بیلٹ پیپرز کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے لیے تین افسران اور 15 پولیس جوانوں کو ساتھ لے کر گیا تھا۔