جہانگیر ترین کی شوگر ملز آڈٹ کیلئے منتخب کرنے کا نوٹس معطل

 
0
234

اسلام آباد 23 نومبر 2020 (ٹی این ایس): لاہور ہائی کورٹ نے جہانگیر ترین کی شوگر ملز کو آڈٹ کیلئے منتخب کرنے کے نوٹس معطل کر دیے اور ایف بی آر سمیت دیگر سے جواب طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جواد حسن نے جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی طرف سے شہزاد عطا الہی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ وہ باقاعدگی سے انکم ٹیکس ادا کرتے ہیں ،ان کی ملز کسی قسم کی نادہندہ نہیں ، ایف بی آر نے یکے بعد دیگرے انکم ٹیکس کی ریکوری کے تین نوٹس بھیجے ہیں، انکم ٹیکس کی عدم ادائیگی کے الزام پر ان کی ملز کو آڈٹ کیلئےمنتخب کیا گیا ہے۔

وکیل نے بتایا کہ قانون کے مطابق ان لینڈ ریونیو کو شوگر ملز کے گزشتہ سالوں کا آڈٹ کرنے کا اختیار نہیں ہے، ایف بی آر کو شوگر ملز کے خلاف کارروائی سے روکا جائے،اور ایف بی آر کے 16ستمبر،29ستمبر اور 22 اکتوبر کے نوٹس کالعدم قرار دیئے جائیں۔

عدالت نے درخواست پر حکم امتناعی جاری کر کے ایف بی آر سمیت دیگر سے جواب طلب کر لیا۔

یاد رہے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہدوحید نے جہانگیر ترین کی شوگر ملز کو آڈٹ کیلئے منتخب کرنے کیخلاف درخواست دوسری عدالت بھجوانے کی سفارش کی تھی کہ اس درخواست کو جسٹس جواد حسن کے روبرو سماعت کیلئے پیش کیا جائے کیونکہ وہ پہلے ہی اس نوعیت کے کیسز کی سماعت کر رہے ہیں۔