وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کیلئے بڑا اعزاز

 
0
212

اسلام آباد 25 نومبر 2020 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو بی بی سی نے 2020 کےلیے سو بااثرخواتین میں شامل کر لیا ہے اور کہا ثانیہ نشتر نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کےمطابق عوام کو با اختیار بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو بڑا اعزاز مل گیا ، بی بی سی نے دوہزار بیس کے لیے سو بااثرخواتین میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو شامل کر لیا ہے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو غربت میں کمی ، عالمی صحت و ترقی میں اہم کردار ادا کرنے پر فہرست میں شامل کیا گیا ، ثانیہ نشتر دوہزار اٹھارہ سے غربت میں کمی کیلئے جاری پروگرام احساس چلارہی ہیں، جس نے پاکستان میں لاکھوں افراد کی زندگیاں بہتر بنائی ہیں اور انھیں بینک اکاؤنٹس مہیا کیے جہاں وہ اپنی رقم محفوظ کر سکیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کا کہناہے کہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر عالمی صحت کے حوالے سے ایک اہم رہنما ہیں، انھوں نے وزیر اعظم عمران خان کےوژن کےمطابق عوام کو با اختیار بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

نشریاتی ادارے کے مطابق بطور معاون خصوصی برائے انسداد غربت ثانیہ نشتر نے وہ اقدامات اٹھائے ہیں جس کی مدد سے پاکستان ایک فلاحی ریاست بن سکے۔

خیال رہے بی بی سی کی جانب سے ہر سال دنیا کی 100 بااثر خواتین کی فہرست مرتب کی جاتی ہے ، اس سال 100 خواتین کی فہرست میں ایسے ناموں کو شامل کیا گیا ہے جو پریشان کن حالات میں رہتے ہوئے بھی تبدیلی لانے کے لیے راہنمائی کے ساتھ ساتھ متاثرکن کردار ادا کر رہی ہیں۔