بھارتی بحریہ کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا

 
0
337

بھارت 28 نومبر 2020 (ٹی این ایس): بھارتی بحریہ کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، خوش قسمتی سے ایک اہلکار بچ گیا جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔ طیارہ جمعرات کی شام تقریباً5 بجے گر کر تباہ ہوا جب وہ گوا کے قریب بحیرہ عرب کے اوپر پرواز کررہا تھا۔

بھارتی بحریہ کا ایک ٹرینی مگ29 لڑاکا طیارہ جمعرات کی شام بحیرہ عرب کے اوپر گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے کے ایک پائلٹ کو بچا لیا گیا ہے جبکہ دوسرے کی تلاش کے لئے مہم چلائی جاری ہے۔

بحریہ کے ترجمان نے آج یہاں بتایا کہ طیارہ جمعرات کی شام تقریباً 5 بجے گر کر تباہ ہوا جب وہ گوا کے قریب بحیرہ عرب کے اوپر پرواز کررہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جمعہ کی صبح ایک پائلٹ کو ڈھونڈ لیا گیا ہے جبکہ دوسرے کی تلاش کے لئے ہیلی کاپٹروں اور جنگی جہازوں کے ساتھ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ حادثے کے اسباب کی تحقیقات کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔

خیال رہے گزشتہ ایک سال میں مگ29 طیارے کے حادثے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل پچھلے سال16 نومبر اور23 فروری کو مگ 29 طیارہ گر کرتباہ ہوا تھا۔

بحریہ کا بیڑا 40 مگ29 جنگی طیاروں پر مشتمل ہے، دو انجن والا مگ ۔29 روس میں تیار کیا گیا ہے اور یہ طیارہ بحریہ کے ہنسا بحری اڈے پر تعینات ہیں۔

ان میں سے کچھ طیارے بحریہ کے مال بردار جہاز آئی این ایس وکرمادتیہ پر بھی تعینات ہیں، مگ 29طیارے نے حال ہی میں امریکہ، جاپان اور آسٹریلیا کے ساتھ اختتام پذیر مالا بار سمندری مشق میں بھی حصہ لیا تھا۔