پشاور کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

 
0
356

پشاور 01 دسمبر 2020 (ٹی این ایس): پشاورمیں کورونا کیسزمیں اضافہ کے باعث مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنرپشاور کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران صرف دودھ، دہی، تندور، اور میڈیکل اسٹورر کھلے رہیں گے۔

حیات آباد کے 3 سیکٹرز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے پیش نظرغیر ضروری آمدورفت بند ہے۔ یونیورسٹی ٹاؤن کی سرکلرلین اور گلبرک میں بھی ا سمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا۔

پشاور انتظامیہ کے مطابق کینٹ ایریا، گلبرگ اور قیوم اسپورٹس کمپلیکس کے علاقے بھی لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں74 ہزار370 کورونا کیسز اور ایک ہزار369 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح5.57 فیصد اور پشاور میں18.09 فیصد ہے۔ پاکستان میں70 فیصد نئے کیسز5 بڑے شہروں سے رپورٹ ہوئے ہیں جن میں پشاور بھی شامل ہے۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، اور راولپنڈی میں بھی بہت زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

پاکستان میں کورونا سے اموات کی شرح2.02 فیصد ہوگئی ہے۔ کورونا سے جاں بحق 76 فیصد افراد کی عمریں 50 سال سے زائد ہیں۔ اسپتالوں میں کورونا کے زیر علاج 58 فیصد مریضوں وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 3 ہزار 36 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 2 ہزار935، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 369، اسلام آباد میں 318، گلگت بلتستان میں 97، بلوچستان میں 167 اور آزاد کشمیر میں 169 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔