وزیراعظم پاکستان کی چینی وزیر دفاع سے ملاقات، مصافحہ کا دلچسپ انداز

 
0
315

اسلام آباد 01 دسمبر 2020 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر دفاع وئی فینگ ہی نے ملاقات کی اس موقع پر دوطرفہ تعلقات کی مزید مضبوطی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے چینی وزیر دفاع سے ملاقات میں مصافحہ کے لیے دلچسپ انداز اپنایا۔

عمران خان اور وئی فینگ ہی نے ہاتھ ملانے کے بجائے بازو ٹکرا کر خوش آمدید کہا، اس دوران دونوں ممالک کے اعلیٰ سول اور عسکری حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویزخٹک اور سیکریٹری خارجہ نے بھی شرکت کی۔ دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔

اس اہم بیٹھک کے دوران پاک چین تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا تھا کہ چینی وزیر دفاع جنرل فینگ ہی نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی وزیر دفاع کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور باہمی دفاعی تعاون پر گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر دونوں افواج کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، چینی وزیر نے سی پیک منصوبوں کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔