حکومت نے مفتی منیب الرحمان کو چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے عہدے سے ہٹا دیا ، مولانا عبدالخبیر آزاد نئے چیئرمین مقرر

 
0
235

اسلام آباد 30 دسمبر 2020 (ٹی این ایس): وفاقی حکومت نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو کر دی،مفتی منیب الرحمان کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے نکال کر مولانا عبدالخبیر آزاد کو چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مقرر کردیا گیا۔

بدھ کو وفاقی وزرات مذہبی امور کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی چیئرمین سمیت 19 ارکان پر مشتمل ہو گی جس کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد ہوں گے ۔ کمیٹی میں ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، علامہ محمد حسین اکبر، مولانا فضل الرحیم، ڈاکٹر یاسین ظفر، مفتی محمد اقبال چشتی اور ڈاکٹر مفتی علی اصغر شامل ہوں گے۔مفتی فیصل احمد، سید علی قرار نقوی اور مفتی یوسف کشمیری کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق حافظ عبدالغفور، مفتی فضل جمیل رضوی، قاری میر اللہ، صاحبزادہ حبیب اللہ چشتی اور مفتی ضمیر ساجد بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے رکن ہوں گے۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی میں سپارکو، محکمہ موسمیات کے نمائندے بھی شامل ہوں گے جبکہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور وزارت مذہبی امور کے نمائندے بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔خیال رہے کہ اس سے قبل رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان تھے اور وہ طویل عرصے سے اس عہدے پر تھے تاہم آج کمیٹی کی تشکیل نو میں ان سمیت متعدد ارکان کو نکال دیا گیا ہے۔