کراچی میں بچوں کےاغوا اور قتل کے واقعات میں اضافہ، بچے کی لاش خالی پلاٹ سے مل گئی

 
0
160

کراچی 09 جنوری 2021 (ٹی این ایس): شہر قائد میں بچوں کےاغوا اور قتل کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھو پیر میں گذشتہ روز سے لاپتہ بچے کی لاش خالی پلاٹ سے مل گئی ہے، جاں بحق بچے کی شناخت ارباز کے نام سے ہوئی ہے، ارباز کی لاش بدترین تشدد کے بعد خالی پلاٹ میں پھینکی گئی، بچے کی لاش عباسی اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے لیے موجود ہے۔

اہل خانہ کے مطابق ارباز گذشتہ شام لاپتہ ہوا، گمشدگی پر منگھوپیر تھانے کو فوری طور پر اطلاع دی گئی، مگر آج بچے کی لاش خالی پلاٹ سے ملی، ارباز کے سر پر چوٹ کا نشان بھی موجود ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اہل خانہ کی جانب سے فوری گمشدگی رپورٹ دینے کے باوجود مبینہ طور پر منگھوپیر پولیس نے بچے کو تلاش ہی نہیں کیا، سنگین غفلت پر حکام بالا نے واقعے کی تفصیلات طلب کرلیں ہیں۔

دوسری جانب منگھوپیر غازی گوٹھ سے لاپتہ بارہ سالہ بچے کی تشدد زدہ لاش ملنے کا واقعہ رپورٹ ہونے پر ایس ایس پی ویسٹ سہائے عزیز پولیس نفری کے ہمراہ منگھوپیر پہنچیں، جہاں ان کی زیر نگرانی ایک آپریشن کیا گیا اور شک کی بنیاد پرایک گھر سےمتعدد افرادکوحراست میں لیا ہے۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق اطلاع ہے کہ آخری مرتبہ بچہ اسی گھر میں دیکھا گیا تھا، گھر کی چھت سے ٹیم نے کچھ اہم ثبوت بھی حاصل کیےہیں، رپورٹ آنے کے بعد معاملہ حل ہونے کا امکان ہے۔

کراچی میں بچوں کے اغوا اور قتل کی وارداتیں متواتر ہورہی ہے، گذشتہ سال بیس دسمبر کو لیاری سلاٹر ہاؤس کے قریب عبد الرحمان نامی بچے کو قتل کردیا گیا تھا، اس قتل کا سفاک پہلو یہ تھا کہ تدفین کے بعد بچے کی لاش کو قبر سے نکال کر تیزاب یا کیمیکل سے جلانے کی کوشش کی گئی تھی۔

اس سے قبل سترہ دسمبر کو کراچی کے علاقے فائیو اسٹار چورنگی کے قریب مددگار پولیس نے لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزمان کو دھرلیا تھا۔