پاکستان کیخلاف بھارتی شرانگیزیاں اور ڈس انفو لیب کے انکشافات،مراد سعید کی قومی اسمبلی اور سینٹ کے خصوصی اجلاس بلوانے اور معاملے پر تفصیلی بحث کی استدعا

 
0
263

اسلام آباد 11 جنوری 2021 (ٹی این ایس): پاکستان کیخلاف بھارتی شرانگیزیاں اور ڈس انفو لیب کے انکشافات،وزیر مواصلات مراد سعید نے پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں بحث کی ضرورت اجاگر کردی ،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کو الگ الگ خطوط ارسال، قومی اسمبلی اور سینٹ کے خصوصی اجلاس بلوانے اور معاملے پر تفصیلی بحث کی استدعا کردی ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ پاکستان کیخلاف بھارت کی کثیرالجہتی یلغار کررہا ہے، معاملے پر پارلیمان میں مفصل بحث کے ذریعے قومی حکمت عملی کی تیاری کی نہایت اہمیت اختیار کرچکی ہے، پاکستان جنوبی ایشیا کا ہی نہیں بلکہ مسلم امہ کا کلیدی اور اقوام متحدہ کا متحرک ترین رکن ہے، پاکستان اپنے جغرافیے اور اسٹریٹجک خواص کے باعث علاقائی و عالمی سیاست میں غیر معمولی حیثیت و کردار کا حامل ہے۔مراد سعید نے کہا کہ پاکستان عالمی تنازعات کے پرامن حل، امن کے فروغ اور بنی نوع انسانوں کی فلاح و ترقی کی ہر عالمی کاوش میں شراکت دار رہا ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے 70 ہزار معصوم نفوس اور 100 ارب ڈالرز سے زائد کی قربانی دی، پاکستان افغانستان میں جاری عسکری تنازعے کے مثر حل کیلئے “جامع مذکرات” کے ذریعے امن کا دروازہ کھولنے کی کوشش کررہا ہے، عالمی ماحولیاتی تغیرات کے سنگین خطرات کے ازالے کیلئے بھی پاکستان متحرک ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بنی نوع انسان کو کورونا سے محفوظ بنانے کے حوالے سے پاکستان کی کارکردگی بھی اقوام عالم سے پوشیدہ نہیں، پاکستان مقامی، علاقائی اور عالمی سطح پر مثبت اور تعمیری کردار ادا کررہا ہے، نازی ازم سے متاثر اس کا سفاک مشرقی ہمسایہ بھارت معصوم انسانوں کے خون سے اپنے ہاتھ رنگ ریا ہے، شدت پسندوں کے ہاتھوں میں گھری ریاست اپنے شیطانی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے پاکستان کے گرد شر کا جال بن رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نریندرا مودی کی سرکار پاکستان کو عدمِ استحکام کی آگ میں جھونکنے کیلئے ریاست کے تمام وسائل برت رہی ہے، ہندوستان کی مکار سرکار افواہ سازی اور جھوٹے بیانیوں کی ترویج کیلئے شرپسند دانشوروں کے لشکر تیار کررہی ہے، یورپ کی ڈس انفو لیب نے شیطان صفت ریاستِ ہندوستان کے مکروہ عزائم پوری دنیا پر عیاں کردیے ہیں، دشمن کو ہماری صفوں سے ملنے والی خفیہ کمک ڈس انفو لیب کی تحقیقات کا سب سے تشویشناک پہلو ہے۔مراد سعید نے کہا کہ مکروہ عزائم کی تکمیل کیلئے دشمن کو پارلیمان کی راہداریوں، سیاسی جماعتوں اور صحافتی اداروں سے آلہ کاروں کا ایک گروہ میسر ہے، یہ جائزہ ضروری ہے کہ دفاع و استحکامِ وطن کے حوالے سے ہماری ترجیحات کیا ہیں، ہمیں طے کرنا ہے کہ دشمن کے مذموم مقاصد کے تدارک کیلئے پارلیمان کو کیسے ڈھال بنایا جاسکتا ہے، ہم جائزہ لیں کہ پارلیمان کی موجودگی میں ڈس انفو لیب کی تحقیقات پر جامع بحث میں مزید تاخیر کیسے مہلک ثابت ہوگی، پارلیمان دیکھے کس طرح یہاں سے دئیے جانے والے بعض بیانات پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ پر استعمال ہو رہے ہیں، ایوان جائزہ لے کہ کہیں جھوٹی خبروں کی زد میں آکر ہم نادانی میں دشمن کے پروپیگنڈہ کا نشانہ اور حصہ تو نہیں بن رہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان کے دونوں ایوان صورتحال پر متفقہ قومی حکمت عملی کی تیاری کی تدبیر کریں، پارلیمان اور اسکی کمیٹیوں کے ذریعے دنیا بھر کی پارلیمانی قیادت سے روابط قائم کرکے انہیں بھارتی شرانگیزیوں سے آگاہ کیا جائے، میری استدعا ہے کہ معاملے کی نزاکت و اہمیت کیپیش نظر اس اہم قومی معاملے پر بحث کیلئے ایوان کے خصوصی اجلاس کا اہتمام کیا جائے، پارلیمان بھارت کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کیلئے اجتماعی حکمت عملی کی تیاری کی راہ ہموار کرے۔