قائمہ کمیٹی کا بیت المال کی جانب سے ضرورت مند افراد میں رمضان راشن پیکج تقسیم نہ کرنے پر ناراضگی کااظہار

 
0
353

اسلام آباد جولائی24(ٹی این ایس )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ نے پاکستان بیت المال کی جانب سے ضرورت مند افراد میں رمضان راشن پیکج تقسیم نہ کرنے پر ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے پاکستان بیت المال کو ہدایت کی کہ وہ ضرورت مند افراد کو مالی معاونت فراہم کرتے ہوئے تمام اضلاع کو یکساں اہمیت دے۔ کمیٹی کااجلاس چیئرمین رانا محمد حیات خان کی صدارت میں پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے اراکین سردار محمد عرفان ڈوگر، اسد عمر ، رشید احمدخان، رانا محمد قاسم نون ، مولوی آغاز محمد، سردار منصب علی ڈوگر، سیما محی الدین جمیلی، نفیسہ عنایت اللہ خان خٹک، پروین مسعود بھٹی، شہناز سلیم، نگہت پروین میر ، فرحانہ قمر، ڈاکٹر مہرین رضا بھٹو اور وزیر انچارج کابینی سیکرٹریٹ شیخ آفتاب احمد نے شرکت کی۔ کمیٹی نے اتفاق رائے سے سفارش کی کہ ڈاکٹر نفیسہ شاہ کی طرف سے پیش کئے گئے قومی ایئر ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ بل 2014 پر قانون سازی کیلئے مزید کارروائی نہ کی جائے۔ کمیٹی کے مشاہدے میںآیا کہ پاکستان بیت المال سے مستفید ہونے والے ضرورت مند افراد کا تعلق چند اضلاع سے ہے۔ انہوں نے بیت المال کو ہدایت کی کہ تمام اضلاع کو اس ضمن میںیکساں اہمیت دی جائے۔کمیٹی نے اسد عمر کی جانب سے اسلام آباد کے ڈومیسائل ہولڈرز کے لئے ملازمتوں کے لئے الگ سے کوٹہ مقرر کرنے کی قرارداد آئندہ اجلاس میں زیر غور لانے کا فیصلہ کیا