بہترین آپریشنل تربیت پاک فضائیہ کا طرۂ امتیاز ہے : ائیر چیف

 
0
315

سرگودھا24 جولائی (ٹی این ایس) : ” کمبیٹ کمانڈرز سکول میں منظم طریقے سے بہترین عملی تربیت ہمیشہ پاک فضائیہ کا طرۂ امتیاز رہا ہے اور یہ تربیت جنگی تیاریوں میں اہم کردار کی حامل رہی ہے ” ۔ یہ بات پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے ائیر پاور سینٹر آف ایکسیلنس، سرگودھا میں کمبیٹ کمانڈرز سکول کے48ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔

ائیر چیف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کمبیٹ کمانڈرز سکول پاک فضائیہ کے عسکری قیادت کی عملی تربیت میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گریجویٹ ہونے والے افسران کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس شاندار ادارے سے سیکھا گیا علم اور تربیت نو جوان افسران کو کامیابی کے ساتھ منتقل کریں گے۔ پاک فضائیہ میں خود انحصاری کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ ائیر پاور سنٹر آف ایکسیلینس کا مستقبل میں ایک نمایاں مقام ہو گا اور پاک فضائیہ کی خود انحصاری کے منصوبوں میں اس کا کردار بہت اہم ہو گا ۔

انہوں نے اس موقع پر گریجوٹینگ آفیسرز میں سرٹیفکیٹ اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ بہترین کمبیٹ کمانڈرکی چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی سکواڈرن لیڈرعلی خان نے حاصل کی جبکہ بہترین کمبیٹ کنٹرولر کی ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر ڈیفنس کمانڈ ٹرافی سکواڈرن لیڈرمحمد سلیمان نے حاصل کی۔

تقریب میں پرنسپل سٹاف آفیسر ز کے علاوہ پاک فضائیہ کے فیلڈ کمانڈرز نے بھی شرکت کی۔