کوئٹہ جولائی24(ٹی این ایس )جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمینے کہاہے کہ ملک میں ہرطرف کرپشن کا ناسور کینسر سے زیادہ خطرناک بن چکا ہے۔ بلوچستان کو بھی کرپشن نے ریگستان بنا دیا ہے ہر سال اربوں کھربوں روپے کی کرپشن نے پورے نظام کوتلپٹ کردیا ہے۔گزشتہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت کے دوراقتدار میں بھی کرپشن کا راج ہے۔اوپر سے لیکر نیچے تک کرپٹ مافیا ملک وقوم کو لوٹنے میں مصروف ہے۔صالح صاف ستھری دین دار قیادت سے ہی موجودہ کرپٹ نااہل سسٹم سے نجات ممکن ہے ۔عوام خصوصاًنوجوان مسائل کے حل ،آئنی معاشی حقوق کے حصول اور اسلامی حکومت کے قیام کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔جے آئی یوتھ کے ذریعے نوجوانوں کو متحرک ومنظم کیا جارہاہے عوام ونوجوانوں کی جماعت اسلامی میں شمولیت خوش آئند ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ خضدار کے دوران جماعت اسلامی کے ذمہ داران سے ملاقات کے دوران گفتگومیں کہی ان کے ہمراہ صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالحمیدمنصوری ،جے آئی یوتھ کے صوبائی صدرجمیل احمد مشوانی بھی تھے اس موقع پر جماعت اسلامی خضدار کے امیر مولانا محمد اسلم گزگی نے بھی گفتگو کی ۔ مولانا عبدالحق ہاشمی ،جمیل احمد مشوانی اور مولانا محمد اسلم گزگی نے کہا کہ اب تک اقتدارمیں آنے والی ہر پارٹی کے ارکان نے کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے ہیں۔ کرپٹ اور لٹیرے سیاستدانوں اور حکمرانوں نے قومی وسائل پر قابض ہو کر قوم کو غربت، مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں میں دھکیل دیاہے۔
انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی جانب سے پانامالیکس کے معاملے پرشوروغوغا،چور مچائے شور والی بات ہے ۔کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث تمام چھوٹے بڑے مجرموں کوقوم کے سامنے لایاجائے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں روزانہ 10سے12ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے۔پانامالیکس میں پاکستان کے حکمران طبقات سے تعلق رکھنے والی اور اہم ترین مناصب پرفائزرہنے والی شخصیات کے نام نمایاں ہیں۔پانامالیکس کے معاملے کومنطقی انجام تک پہنچایاجائے تاکہ عوام کے خون پسینے کی کمائی کولوٹنے والے کیفرکردار تک پہنچ سکیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین عشروں سے کرپشن کی آکاش بیل پاکستان کی سیاست، سول وملٹری اوربیوروکریسی کواپنے حصار میں لئے ہوئے ہے۔جب تک کرپشن کرنے والے بڑے عناصر کونہیں پکڑاجائے گا نچلی سطح پر کرپشن کاقلع قمع ممکن نہیں کرپشن کامرض چھوت کی طرح پھیل چکا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں احتساب کانظام رائج کرتے ہوئے بلاتفریق کام شروع کیاجائے۔